لندن،31؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)معروف امریکی کمپنی ’’ایپل‘‘نے ایک برطانوی صارف کو آئی فون کی واپسی کے بدلے اس کی قیمت (799برطانوی پاؤنڈ)لوٹانے سے انکار کر دیا۔ کمپنی کا موقف ہے کہ پہلے یہ صارف ثابت کرے کہ وہ عراق کے سابق صدر صدام حسین (جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں)نہیں ہے۔برمنگھم سے تعلق رکھنے والے 26سالہ شہری شراکت حسین نے یہ آئی فون اپنی بہن کے لیے تحفے کے طور پر خریدا تھا تاہم اس کی بہن نے فون بدلنے کا مطالبہ کر دیا۔
امریکی کمپنی نے ابتدا میں کہا تھا کہ فون کی قیمت زیادہ ہے لہذا اسے بینک کے ذریعے منتقل کیا جائے گا تاہم کئی ہفتوں کے بعد بھی اس پر عمل نہیں کیا گیا۔بعد ازاں شراکت حسین ’’ایپل‘‘کمپنی کی ای میل کو دیکھ کر بھونچکا رہ گیا جس میں بتایا گیا تھا کہ وہ حکومت کی جانب سے پابندی میں شامل افراد میں سے ہے اور اس رُو سے اس کے ساتھ کسی بھی قسم کا لین دین یا معاملہ غیر قانونی ہوگا۔شراکت حسین کے مطابق اسے اپنی آنکھوں پر یقین نہ آیا جب کمپنی کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ اس بات کا ثبوت پیش کیا جائے کہ وہ صدام حسین نہیں ہے جب کہ اس کا نام شراکت لکھنے اور بولنے میں صدام سے یکسر مختلف ہے۔شراکت نے برطانوی اخبارکو بتایا کہ میں نے ابتدا میں گمان کیا کہ یہ حقیقی ای میل نہیں ہے تاہم تصدیق پر مجھے دھچکا سا لگا اور خود کو صدام حسین سے مربوط کیے جانے پر شدید غصہ آیا۔